پرتاپ گڑھ :05 /اپریل (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) بی ایس پی صدر مایاوتی نے اتوار کو کہا کہ کانگریس کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہی بی جے پی ملک کے اقتدار پر قابض ہونے میں کامیاب رہی تھی لیکن اس بار مودی کی الوداعی طے ہے۔ مایاوتی نے یہاں ایک انتخابی ریلی میں کہا کہ کانگریس کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہی بی جے پی کو اقتدار پر قابض ہونے کا موقع ملا تھا۔ مگر ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری، کسانوں کی بدحالی اور صرف سرمایہ داروں کی ہی چوکیداری کی وجہ سے اس بار مودی کی چھٹی طے ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی شہیدوں کے نام پر ووٹ مانگ رہے ہیں، مگر ان کی اس بے ایمانی بھری کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ مایاوتی نے کہا کہ ملک ہی نہیں بلکہ پوری دنیا جانتی ہے کہ مودی حکومت کی لڑائی کی وجہ سے سرحد پر بڑی تعداد میں جوانوں کو شہید ہونا پڑا۔ مگر انتخابات میں مودی فوجیوں کی شہادت سے فائدہ اٹھانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے صرف سرمایہ داروں کو تیار کیا ہے۔ مودی صرف دھنا سیٹھو ں اور سرمایہ داروں کے چوکیدار ہیں۔ مایاوتی نے کہا کہ سماج وادی پارٹی-بی ایس پی-آر ایل ڈی اتحاد سے مودی کی نیند اڑ گئی ہے، اس لئے وہ اتحاد کو لے کر عوام میں افواہ پھیلا رہے ہیں۔ اتحاد مضبوط ہے اور اس کو توڑنے والی سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔